کتاب: سہہ ماہی مجلہ البیان کراچی - صفحہ 29
سیرت سید نا ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ (حیات وفات ،دروس ونصیحتیں) عبد المجید محمد حسین بلتستانی نام مبارک اورنسب: آپ نام ونسب یہ ہے:’’عبداللہ بن عثمان بن عامر بن عمرو بن کعب بن سعدبن تیم بن مرہ بن کعب بن لؤی بن غالب بن فہر القرشی التیمی ‘‘۔آپ کانسب مبارک چھٹی پشت میں بہ واسطہ کعب بن مرہ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم سے جاملتاہے۔ سیدنا ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ کا اسم گرامی زمانۂ جاہلیت میں عبد رب الکعبہ تھا اور ’’الإستیعاب فی معرفة الأصحاب‘‘میں آپ کانام عبدالکعبہ مذکور ہے ، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے تبدیل کرکے عبداللہ تجویز فرمایا: ’’عبد اللہ بن أبی قحافة أبو بکر الصدیق رضی اللہ عنہما. کان اسمہ فی الجاہلیة عبد الکعبة فسماہ رسول اللہ ﷺعبد اللہ. ہذا قول أہل النسب‘‘ آپ کے والد ماجد ابوقحافہ کانام "عثمان" تھا ،جن کا تعلق بنوتیم قبیلہ سے تھا اور نسب مبارک اس طرح ہے۔ ابوقحافہ عثمان بن عامر بن عمرو بن کعب بن سعد بن مرہ بن کعب بن لوی بن غالب بن فہر القرشی التیمی ۔ آپ کی والدہٴ ماجدہ کا نام سلمی تھا ، ان کا نسب مبار ک اس طرح ہے ۔ سلمیٰ بنت صخر بن عمر وبن کعب بن سعد بن تیم ،اورکنیت ام الخیر تھی۔