کتاب: سہہ ماہی مجلہ البیان کراچی - صفحہ 2

کتاب: سہہ ماہی مجلہ البیان کراچی مصنف: مدیر: خالد حسین گورایہ پبلیشر: المدینہ اسلامک ریسرچ سینٹر کراچی ترجمہ: سہہ ماہی مجلہ البیان ، المدینہ اسلامک ریسرچ سینٹر کراچی سے جاری ہونے والا جماعت کا علمی ، تحقیقی ، اصلاحی اور تمام شعبہ ہائے زندگی کیلئے رہنما رسالہ کی حیثیت رکھتا ہے ، اس کے سرپرست اعلیٰ علامہ عبداللہ ناصر رحمانی صاحب حفظہ اللہ ہیں اور مدیر اعلیٰ فضیلۃ الشیخ خلیل الرحمٰن لکھوی صاحب حفظہ اللہ ہیں ، مدیر خالد حسین گورایہ ہیں۔ زیر نظر اشاعت اس رسالے کا سلسلہ نمبر 18 ہے۔ اس اشاعت میں شامل مضامین دنیا میں عذاب الہی کی صورتیں ، امر بالمعروف و نھی عن المنکر ، زہد کا حقیقی اسلامی تصور ، زہد تقوی اور ہمارے اسلاف ، شعائر دین کا مذاق ایک سنگین جرم ، سترے کے احکام ، دکھوں ، غموں ، پریشانیوں کا علاج قرآن و سنت کی روشنی میں ، اسلامی بحریہ کا شاندار ماضی ، ایک من گھڑت روایت اور غلط استدلال اداریہ دنیا میں عذابِ الٰہی کی صورتیں  سید ابوبکر غزنوی رحمہ اللہ ہماری روحوں پر ہمارے اعمال کے اثرات مُرتب ہوتے ہیں ۔ اعمالِ صالحہ سے رُوح کا تزکیہ ہوتاہے اور ایک سکُون ، اطمینان اور راحت اِسی دُنیا میں نصیب ہوتی ہے ۔ بداعمالیوں کے اثرات بھی روح پر مرتب ہوتے ہیں ۔ بد اعمالیوں سے رُوح بیمار ہوجاتی ہے اور کراہنے لگتی ہے ۔ اگر مرض حدود سے متجاوز نہ ہوگیا ہو اور رُوح پر موت نہ طاری ہوتو مریض رُوح کے درد وکرب کو محسوس کرتاہے اور اس کی کراہ سُنتاہے ۔ رُوح کا دردوکرب بھی عذاب کی ایک صُورت ہے ۔ قرآن مجید میں ہے : { وَلِمَنْ خَافَ مَقَامَ رَبِّهِ جَنَّتَانِ} [الرحمن: 46] ترجمہ :’’اور اس شخص کے لئے جو اپنے رب کے سامنے کھڑا ہونے سے ڈرا دو جنتیں ہیں‘‘۔ امام ابن تیمیہ رحمہ اللہ اس آیت کی تفسیر فرماتے تھے کہ : ’إن في الدنيا جنة من لم يدخلها لن يدخل جنة الآخرة‘ ’’اس دنیا میں بھی ایک جنت ہے ، جو اس میں داخل نہ ہُوا ، وہ آخرت کی جنت میں داخل نہ ہوسکے گا ‘‘۔ جناب عبد اللہ غزنوی رحمہ اللہ فرماتے ہیں : ’’جنت دبستانِ من درسینئہ من است ہر جاکہ بنشینم بھار خویشتم۔ ‘‘ یعنی میری بہشت میرے سینے میں،جودرودِ رحمت اور انوارِ الٰہی کے نزول سےپیدا ہوئی ہے میں جہاں بیٹھ جاتاہوں وہیں باغ وبہار ہوجاتی ہے ــ۔

  • فونٹ سائز:

    ب ب