کتاب: سہہ ماہی مجلہ البیان کراچی - صفحہ 38
زہد و تقویٰ کے فضائل سیدنا ابو ہریرۃ رضی اللہ عنہ کا قول ہے : [جلساء اللہ تعالی غدًا أہل الورع والزہد[ ترجمہ: ’’کل قیامت کے دن اللہ تعالیٰ کے ہم مجلس زاہد اور متقی لوگ ہوں گے ‘‘۔ امام سفیان الثور ی رحمہ اللہ زہد کے بارے میں رقمطراز ہیں کہ: [علیک بالورع یخفف اللہ حسابک،ودع ما یریبک إلی مالایریبک،وادفع الشک بالیقین یسلم لک دینک[ ترجمہ : ’’تم زہد و تقویٰ کو لازم پکڑ لو تمہارا حساب آسان ہوگا اور وہ چیز چھوڑدے جو تجھے شک میں ڈالے، اور اسے اختیار کر جس کی بابت تجھے شک وشبہ نہ ہو۔ اور شک کو یقین سے رفع کرو تمہارادین محفوظ ہوجائیگا‘‘۔ بعض صحابہ کرام سے منقول ہے جن میں سیدنا ابی بکر الصدیق بھی شامل ہیں :’کناندع سبعین بابًا من الحلال؛مخافة أن نقع فی بابٍ من الحرام‘۔[ ترجمہ :’’ہم ستر سے زائد حلال چیزیں ترک کرتے تھے اس خوف سے کہ کہیں ہم حرام میں نہ پڑ جائیں ‘‘۔ لیکن ورع اور زہد کے مفاہیم کو سمجھنا بھی بہت ضروری ہے کیونکہ زہد و تقویٰ اور ورع کے غلط مفہوم نے امت اسلامیہ کو افراط و تفریط کے نہج پر گامزن کردیا اور منہج سلف صالحین سے بہت دور کردیا جبکہ انبیا علیہم الصلاۃ ولسلام اور صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین اورتابعین و تبع تابعین رحمہم اللہ کے منہج سے ہی زہد و تقویٰ کی مثالیں ہمارے لئے مشعل راہ ہونی چاہئیں اللہ تعالیٰ کا فرمان ہے ۔ { فَإِنْ آمَنُوا بِمِثْلِ مَا آمَنْتُمْ بِہِ فَقَدِ اہْتَدَوْا } [البقرۃ: 137] ترجمہ:’’ پھر اگر وہ اس جیسی چیز پر ایمان لائیں جس پر تم ایمان لائے ہو تو یقینا وہ ہدایت پا گئے‘‘۔