کتاب: انوار المصابیح بجواب رکعات تراویح - صفحہ 184

راوی یحیٰ بن معین ہیں ، لیکن اس کے باوجود ابن معین نے ابراہیم ابو شیبہ کو ضعیف اور لیس بثقۃٍ ہی کہا ہے ۔ (تہذیب التہذیب ص۱۴۴ ج۱) یہ وہی یحیٰ بن معین ہیں جن کو ’’علامہ مئوی نے عیسیٰ بن جاریہ پر جرح کے سلسلے میں لکھاہے ۔ ’’ امام فن جرح و تعدیل یحیٰ بن معین ‘‘ دیکھو رکعات ص۲۷ ۔ ابو شیبہ کی بابت امام ابن المبارک نے کہا ہے ارم بہ (تہذیب التہذیب ص۱۴۵ ج۱) یعنی پھینکو اس کو ۔یہ وہی ابن المبارک ہیں جن کی شان میں ’’علامہ‘‘ مئوی لکھتے ہیں ’’حضرت عبداللہ بن مبارک جن کی امامت اور علمی جلالت مسلّم او رمتفق علیہ ہے ۔۔۔۔ (دیکھو رکعات ص۱۰) کیا ابن معین اور ابن مبارک کی جلالت اور فنی مہارت کا مظاہرہ صرف ہم پر رعب جمانے کے لئے ہے ، اپنے عمل کرنے کے لئے نہیں ہے ؟ حافظ ابن حجر جنہوں نے تہذیب التہذیب میں یزید بن ہارون اور ابن عدی کے مذکورہ بالا دونوں قول ذکر کئے ہیں ۔ تقریب التہذیب میں ابراہیم کو کم سے کم جس وصف کا مستحق قرار دیا ہے وہ یہ کہ ان کو متروک الحدیث لکھا ہے اور حافظ یہ لفظ اس راوی پر بولتے ہیں جس کی قطعًا کسی نے توثیق نہیں کی اور اس کے باوجود وہ ایسی جرح کے ساتھ ضعیف ٹھہرایا گیا ہے جو اس راوی کے ثقہ ہونے میں قادح ہے ۔ چنانچہ ان کی عبارت یہ ہے : العاشرة من لم یوثق البتة وضعف مع ذالك بقادح والیه الاشارة بمتروك اومتروك الحدیث او واهی الحدیث اوسا قط انتهیٰ حافظ کے اس بیان کے مطابق ابراہیم کی توثیق تو کسی نے نہیں کی ۔ ہاں اس کو ضعیف ٹھہرایا گیا ہے اور ایسی علت کے ساتھ جو اس کے لئے قدح کا موجب ہے ۔

  • فونٹ سائز:

    ب ب