کتاب: فتنہ وضع حدیث اور موضوع احادیث کی پہچان - صفحہ 89
عبد اللہ بن محمد کے بارے میں احمد سلیمانی کہتے ہیں: کان یضع ہذا الاسناد علی ہذا المتن وہذا المتن علی ہذا الاسناد وہذا ضرب من الوضع ’’وہ کبھی اس متن کے لئے وہ سند وضع کرتا اور کبھی اس سند کے لئے یہ متن وضع کر دیتا، یہ بھی وضع حدیث کی ایک قسم ہے‘‘۔ امام رقبہ ابوجعفر الہاشمی المدنی کے بارے میں کہتے ہیں کہ: کان یضع احادیث کلام حق ولیست من احادیث النبی صلی اللہ علیہ وسلم وکان یرویہا عن النبی صلی اللہ علیہ وسلم ’’وہ اچھے کلام کو حدیث بنا کر نبی صلی اللہ علیہ وسلم سے منسوب کر کے بیان کر دیتا تھا جب کہ وہ حدیث نہیں ہوتی‘‘۔ ابان بن ابو عیاش کے بارے میں ابن حبان کہتے ہیں کہ: کان ابان من العباد الذی یسہراللیل بالقیام ویطوی النہار بالصیام سمع عن انس احادیث وجالس الحسن فکان یسمع کلامہ ویحفظ فاذا حدث ربما جعل کلام الحسن عن انس مرفوعا وہو لا یعلم ’’ابان ان بندوں میں تھا کہ رات کو نوافل کااہتمام کرتا اور دن کو روزہ رکھتا تھا، وہ انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے حدیث سنتا اور حسن بصری کی مجلس میں بیٹھتاان کے کلام کو غور سے سنتا اور اسے یاد کر لیتا اور جب حدیث بیان کرتاتو بعض دفعہ حسن بصری کے کلام کو انس کی مرفوع حدیث بنا دیتا اور اسے اس کا شعورتک نہ ہوتا‘‘۔