کتاب: رسوماتِ محرم الحرام اورسانحۂ کربلا - صفحہ 5

کتاب: رسوماتِ محرم الحرام اورسانحۂ کربلا مصنف: حافظ صلاح الدین یوسف پبلیشر: دارالسلام، لاہور ترجمہ: زیر تبصرہ کتاب رسومات محرم الحرام اور سانحہ کربلا جس کے مصنف حافظ صلاح الدین یوسف صاحب ہیں ، مذکورہ کتاب دراصل ان مضامین کا مجموعہ ہے جو وقتاً فوقتاً ہفت روزہ الاعتصام میں شائع ہوتے رہے ، بعد میں احباب کے اصرار اور موضوع کی اہمیت کی بناء پر ان مضامین کو یکجا کرکے مزید اضافہ کرکے ایک مستقل کتاب مرتب کرلی گئی۔ جس نے قارئین سے خوب داد تحسین بھی وصول کی۔ عرض مؤلف یہ کتاب راقم کے چند مضامین کا مجموعہ ہے جو مختلف اوقات میں ہفت روزہ "الاعتصام" لاہور میں شائع ہوئے۔ موضوع ان سب کا ماہ محرم اور اس سے متعلقہ مباحث و مسائل ہیں۔ (ایک فاضلانہ مقالہ شیخ الاسلام ابن تیمیہ کا بھی اس کی اہمیت اور موضوع کی مناسبت سے اس میں شامل کر دیا گیا ہے ) جن احباب اور بزرگوں کی نظروں سے یہ مضامین گزرے ہیں ان کی خواہش تھی کہ یہ الگ کتابی شکل میں شائع ہو جائیں تاکہ ان کی اہمیت مستقل اور ان کا دائرہ استفادہ وسیع ہو جائے۔ الحمد للّٰہ ان کی خواہش کی تکمیل کا سروسامان بہم پہنچ گیا ہے اور اب انہیں بعض ضروری اور مفید اضافوں کے ساتھ شائع کیا جا رہا ہے۔ ان مضامین کے مخاطب اہل سنت کے وہ علما اور عوام ہیں جو شعوری یا غیر شعوری طور پر شیعیت کے مسموم اثرات سے متاثر ہیں۔ اور ان کا طرز عمل اور فکر رِفض و تَشَیُّع کے فروغ کا باعث ہے۔ہم نے علم و عقل کی روشنی میں ان کو دعوت فکر دی ہے تاکہ وہ سنجیدگی سے موروثی نظریات پر نظر ثانی کرسکیں۔ اللہ کرے کہ ان مضامین میں جو جذبۂ ہمدردی کارفرما ہے وہ مؤثر ثابت ہو اور فکر و نظر کی کجیوں کو دور کرنے کا باعث ہو۔ ایں دعاء از من و از جملہ جہاں آمین باد! اس کتاب کا پہلا ایڈیشن ۱۳۹۹ھ میں بعنوان "ماہ محرم اور موجودہ مسلمان" چھپا تھا، اس وقت سے اب تک اسی عنوان سے پاک و ہند سے اس کے متعدد ایڈیشن شائع ہو چکے ہیں اور الحمد اللہ عوام و خواص میں اس کو خوب پذیرائی حاصل ہوئی ہے۔ تاہم اس میں ایک کمی محسوس ہوتی تھی اور وہ تھی "واقعہ کربلا اور اس کے اہم اسباب" سالہا سال سے کتاب تو شائع ہو رہی تھی اور اس میں ساری گفتگو بھی اسی موضوع کے متعلقہ مباحث پر ہے، لیکن اصل واقعے کی تفصیلات نہ ہونے کی وجہ سے کتاب میں ایک تشنگی موجود تھی۔

  • فونٹ سائز:

    ب ب